مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان کی ملاعبدالغنی برادر و دیگر سے ملاقاتیں

ویب ڈیسک :جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپنے دورہ کابل کے آخری روز افغان نائب وزیراعظم ملاعبدالغنی برادر، وزیر دفاع ملایعقوب اور وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔
جے یو آئی اعلامیے کے مطابق ملاعبدالغنی برادر نے مولانا فضل الرحمان کے دورے کو دونوں ممالک کیلئے خوش آئند قرار دیا۔
ملاقات کے موقع پرمولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امارت اسلامی کی اپنی ایک تاریخ ہے، دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو حل کرنا ہے، پاکستان کی خواہش ہے افغانستان کےساتھ تجارت قانونی طور پر ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علما امارت اسلامیہ کے ساتھ ہیں،ہمارادورہ جذبہ خیرسگالی کے تحت ہے۔
ملاعبدالغنی برادر نے گفتگو میں کہا کہ افغانستان محفوظ اور پر امن ملک ہے اور آپ کے دورے کے مثبت اثرات ہوں گے۔
طالبان کے سابق امیر ملا عمر کے بیٹے و وزیر دفاع ملا یعقوب نے کہا کہ ہمارا اور آپ کا تعلق آج کا نہیں بڑوں کے وقت کا چلتا آرہا ہے، کبھی آپ کے اور اپنے درمیان فرق نہیں کیا ہے، امید کرتے ہے آپ کے دورے کے بعد صورتحال میں تبدیلی آئے گی ۔
افغان وزیرتجارت نے ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان مثبت تجارت پر زور دیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے امارت اسلامی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی‘ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیا اور انہیں افغانستان کی داخلی صورتحال سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں:  40 روزہ جنگ بندی کی پیشکش پراسرائیل کوحماس کےجواب کاانتظار