40 روزہ جنگ بندی کی پیشکش پراسرائیل کوحماس کےجواب کاانتظار

ویب ڈیسک: غزہ میں جاری جنگ روکنے کیلئے عالمی سطح پر کوشش جاری ہیں۔ امریکہ اور یورپی ممالک سمیت عرب ممالک بھی اس کوشش میں ہیں کہ مکمل جنگ بندی کرائی جا سکے۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل نے حماس کو غزہ میں 40 روزہ جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔ اس میں ہر دو جانب سے یرغمالیوں کی رہائی کا آپشن بھی موجود ہے۔
ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے اُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ حماس اسرائیلی تجاویز پر اتفاق ضرور کرے گا کیونکہ اس میں دونوں جانب فریقین کو فوائد حاصل ہونے کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آج قاہرہ میں ہونیوالی مصری اور قطری ثالثین سے ملاقات میں حماس اپنا جواب جمع کرائیگا۔
اسرائیل کی جانب سے 40 روزہ جنگ بندی کی پیشکش کے حوالے سے امریکی صدر جوبائیڈن نے امیر قطر اور مصر کے صدر سے ٹیلی فونک رابطے بھی کئے ہیں۔
اس رابطوں میں غزہ جنگ بندی، رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے خطرات اور یرغمالیوں سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی صدر کی جانب سے زور دیا گیا ہے کہ اب سارے معاملے کی ذمہ داری حماس پر ہے کہ وہ اسرائیل کی تجاویز قبول کرے یا نہ کرے۔

مزید پڑھیں:  جمرود، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق