پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، قومی سلامتی کمیٹی

ویب ڈیسک: پاک ایران کشیدگی کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، ایئر اور نیول چیفس سمیت نگران وزراء نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر غور و خوض کیا گیا اور وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے شرکا کو بریفنگ بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ پاکستان نے ایرانی سرزمین پر کامیاب انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا، پاکستان نے ایرانی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کو بروقت اقدام پر داد و تحسین پیش کی گئی۔
اجلاس میں پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا جواب موثر اور اہداف کے حصول پر مبنی تھا، پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، تمام ہمسائیوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی و دیگر حکام نے پاک ایران سرحدی کشیدگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل حملےکیے۔ پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی میں سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں:  سب مل کر پاکستان کو عظیم مقام دلوائیں گے، شہباز شریف