بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے رام مندر کا افتتاح کردیا

ویب ڈیسک: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایودھیا میں ہندو رسومات کو اداکرتے ہوئے رام مندرکا افتتاح کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی رام مندر میں 161 فٹ لمبے گلابی ریت کے پتھر کی عبادت گاہ پر ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ‘پران پرتیشتھا’ کے دوران رام للا کی نئی مورتی کی رونمائی کی۔
مورتی کی رونمائی سے افتتاحی تقریب کا آغاز ہوگیا جس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ آج کی 22 جنوری صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ میں اس تقریب کا حصہ بننے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ میں بھگوان رام سے معافی مانگتا ہوں، ہماری محبت اور تپسیا میں کچھ کمی تھی جس کی وجہ سے رام مندر کی دوبارہ تعمیر میں اتنے برس لگ گئے لیکن آج یہ خلا پورا ہوگیا۔
دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر اور اس کے ‘پران پرتشٹھا‘ کی تقریب کی مذمت کی ہے۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 1992 میں بابری مسجد کو منہدم کیا گیا اور پھر بھارتی سپریم کورٹ نے نہ صرف مسجد کے انہدام کے قصورواروں کو بری کر دیا بلکہ منہدم مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ سولہویں صدی میں اس مقام پر بابری مسجد تعمیر کی گئی تھی اور ہندوؤں کا دعویٰ تھا کہ مسجد کی جگہ اصل میں رام کی جائے پیدائش ہے۔
کئی برسوں تک ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان یہ معاملہ تنازع کا باعث رہا اور 1992 میں ایک ہجوم نے بابری مسجد پر حملہ کر کے اسے منہدم کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  جنگ کے لئے کسی کا ساتھ نہیں دیں گے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا