گورنر کی یقین دہانی؟۔۔۔ تو پھر!!

ابھی گزشتہ روزہی اخبار مشرق نے انہی کالموں میں عوام کے ایک اہم مسئلے کے حوالے سے توجہ دلا کر تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے درخواست کی تھی کہ وہ بلا تخصیص اس پر آواز اٹھائیں یعنی پانچ مرلے تک کے مکانات پرجس طرح موجودہ نگران حکومت نے صوبائی اسمبلی کی جانب سے ایم ایم اے دور میں قانون سازی کرتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس میں ریلیف دیا تھا جبکہ موجودہ نگران حکومت کی جانب سے اسمبلی ایکٹ کو صرف ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ختم کرکے عوام کو پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسزز بھیجنے شروع کردیئے ہیں اگرچہ سیاسی رہنمائوں نے اپنی انتخابی سرگرمیوں میں اس اہم مسئلے پر کوئی آوازنہیں اٹھائی البتہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اپنے ایک تازہ بیان میں اس بات کا عندیہ دے کر کہ پراپرٹی ٹیکس کامسئلہ نئی حکومت کے سامنے رکھیں گے یقینا روزنامہ مشرق کی آواز میںاپنی آواز ملا دی ہے اس موقع پرگورنر کے وعدے پر یقین رکھتے ہوئے اتنی گزارش ضرور کریں گے کہ جن لوگوں کوپانچ مرلے تک کے مکانات کے حوالے سے پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسزز جاری کئے گئے ہیں ان پر فی الوقت عملدرآمد کی معطلی کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کرکے عوام میں پھیلی ہوئی بے چینی ختم کی جائے۔
انتخابات کو پرامن بنانے میں کردار ادا کیجئے!
بالاخر بڑی رد وقد اور انتخابات کے عمل پر مختلف سوال اٹھنے یااٹھائے جانے کے بعد ان سطور کے شائع ہونے کے سمے انشاء اللہ ملک بھر میں انتخابات کے انعقاد کا عمل تکمیل پذیر ہونے جارہاہے ‘ اگرچہ بعض حلقوںکی جانب سے اب بھی کسی نہ کسی طور شکوک وشبہات کااظہار خاص طور پرسوشل میڈیا کے ذریعے لکھا جارہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ مخصوص حلقے اس حوالے سے خوف و ہراس پھیلا کر انتخابات کی پرامن تکمیل میں ”رکاوٹیں” ڈالنے سے باز آنے کو تیار نہیں لیکن متعلقہ ادارے اپنی تمام ترصلاحیتیوں کے ساتھ انتخابات کے انعقاد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سنجیدہ ہیں ‘ اس موقع پرعوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے مذموم مقاصد کی تکمیل میں پوری طرح مزاحم ہوںاور انتخابات کے دوران ان عناصر پر نظر رکھیں جوکسی بھی قسم کی سبوتاژ کی کارروائیوں سے انتخابی ماحول کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ‘ امید ہے عوام اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے تو ملک کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔

مزید پڑھیں:  فلسطینی عوام کیلئے ایک تاریخی دن