سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ

ایف بی آر کا ٹیکس چوروں کی سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کی 5لاکھ سمیں بلاک کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 4لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ،عید کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس چوروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے عید الفطر کے بعد نان فائلرز اور انڈر فائلرز کے موبائل فونز کی 5 لاکھ سمیں بلاک کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ ایف بی آر عید الفطر کے بعد انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی جی ٹی او)جاری کرے گا ۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی مشاورت سے 4 لاکھ انڈر فائلرز کی شناخت کی تیاریاں کرلی گئی ہیں جنہوں نے قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود اپنے ریٹرن فائل کرنے کی زحمت نہیں کی۔
ایف بی آر کے پاس ان کے لین دین کے بارے میں معلومات ہیں اور انہیں نوٹس بھیجے گئے تھے لیکن انہوں نے اپنے ریٹرن جمع نہیں کروائے، ایک لاکھ نان فائلرز ہوں گے جن کی شناخت ایف بی آر کے براڈننگ ٹو ٹیکس بیس (بی ٹی بی) کے ذریعے کی گئی ہے اور ان کی سمز کو بھی بلاک کر دیا جائے گا۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے مبینہ ٹیکس چوروں کے خلاف اس سخت کارروائی کی تفصیلات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اپریل 2024 تک ان کے موبائل فون کی سمز بلاک کردی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے 20 لاکھ ممکنہ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کرلی ہے لیکن موبائل کمپنیوں کی جانب سے فریاد کی گئی ہے کہ وہ اتنی بڑی تعداد کی سمز بلاک کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔
ایف بی آر، پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان تفصیلی بات چیت کے بعد اس فیصلے کو حتمی شکل دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں 5 لاکھ سمز کو بلاک کیا جائے گا تاکہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ایف بی آر ممکنہ ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے سنجیدہ ہے۔
ایف بی آر کے پاس فون سمز بلاک کرنے اور ممکنہ ٹیکس چوروں کے بجلی اور گیس کے کنکشن جیسی دیگر یوٹیلٹی سروسز کو منقطع کرنے کے اختیارات ہیں۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، دو فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ، 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی