بشریٰ بی بی

عدالت کا بشریٰ بی بی کا اینڈوسکوپی ٹیسٹ کروانے کا حکم

ویب ڈیسک: احتساب عدالت کی جانب سے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی معائنے سے متعلق درخواستیں منظور کرتے ہوئے اینڈوسکوپی ٹیسٹ 2روزمیں کروانے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پانڈ ریفرنس پر سماعت کی۔
عدالت نے دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کا اینڈو اسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے 2روز میں کروانے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کا اینڈو سکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کے زیرِ نگرانی کروایا جائے۔
جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواریں بھی فوری ختم کرنے کا حکم دیا، عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھے گی۔
عدالتی حکم کے بعد سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ لیا گیا ، پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کر دی۔
اس پر جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلالیا، صحافیوں نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں ، جس پر جج ناصر جاوید رانا نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ویدانت پٹیل