مریم نواز

نوازشریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا سفر شروع ہوا ہے،مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب بھی نوازشریف کی حکومت آتی ہے سازش کے ذریعے ختم کر دی جاتی ہے، اب نوازشریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا سفر شروع ہوا ہے۔
پھول نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت پانچ سال پورے کر گئی تو پاکستان اور پنجاب تبدیل نظر آئے گا،شہباز شریف اور مریم، نوازشریف کے سپاہی ہیں، حکومت نوازشریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں 300 رورل ہیلتھ سینٹرز ہیں، مجھے ابھی آئے 2 ماہ ہوئے ہیں، 2 ماہ میں تو لوگ وعدے کر رہے ہوتے ہیں کہ یہ کر دیں گے وہ کر دیں گے، مریم نواز نے 2 ماہ میں پھولنگر میں نیا ہسپتال بنا دیا ہے، ہم نے کنٹینرز کے اوپر پورا ہسپتال کھڑا کر دیا ہے، آپ کے گاں میں ہسپتال چل کر آئے گا اور علاج کرے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے 200 کلینکس آن وہیلز آپ کی دہلیز تک پہنچ کر علاج کریں گے، کلینکس آن وہیلز کی سہولت سے 30 ہزار لوگوں کا علاج ہو چکا ہے، غریب کے بچے کو وہی تعلیم اور علاج دینا ہے جو امیر کے بچے کے پاس ہے، آئندہ پانچ سال میں پنجاب کا کوئی ایسا ہسپتال نہیں ہوگا جہاں مفت علاج کی سہولت نہیں ہوگی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ روٹی 25 روپے سے 15 روپے پر آگئی ہے، ہم نے پنجاب میں 590 سڑکیں بنانے کے پروگرام پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، پنجاب کی کوئی سڑک 5 سال بعد ٹوٹی ہوئی نظر نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی ہدایت ہے غریبوں کی فلاح کیلئے کام کریں، اپنے ایم پی ایز کو کہتی ہوں پولیس والوں کی سفارشیں کرنا چھوڑ دیں، جب سیاسی بنیادوں پر پوسٹنگز ہوں گی تو پولیس پرفارمنس نہیں دے سکتی، مجھے پنجاب کے 13 کروڑ عوام کا مفاد زیادہ عزیز ہے۔

مزید پڑھیں:  حیدر آباد : سلنڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10ہو گئی