امت مسلمہ فسلطینیوں کو یہود کے ظلم سے نجات دلائے، خطبہ حج

ویب ڈیسک: سعودی عرب کی مسجد نمرہ میں امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت موجود ہے، اللہ نے پیغمبر محمدﷺ کے احکامات پر عمل کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول ﷺکی اتباع کرنے والوں نے ہمیشہ ہدایت پائی ہے۔ نماز برائی سے بچاتی ہے، شیطان کے وسوسوں سے خود کو محفوظ رکھیں، اللہ پر توکل کرنےوالوں کو دنیااور آخرت میں کامیابی ملتی ہے۔
دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج اس وقت میدان عرفات میں موجود ہیں ، مسجدالحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹرماہر بن حمد نے خطبہ حج ادا کردیا ۔
خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جارہا ہے۔
شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے کہاکہ جو تقویٰ کا راستہ اختیار کرے گا اللہ اس کی خطاؤں کو معاف کردے گا اور اس کو وہاں سے رزق عطا کرے گا جہاں سےوہ گمان بھی نہیں کرسکتا۔
شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے کہا کہ اللہ ہر چیز کا مالک وقادر، قرآن سیدھی راہ دکھاتا ہے، اللہ پر توکل کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
خطبہ حج میں انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں کئی مقامات پر نماز پڑھنے کا ذکر کیا ہے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ اے لوگوں نماز کو قائم کرو، اللہ تعالیٰ نماز پڑھنے والوں کے گھروں پر رحمت فرماتا ہے۔
انہوں نے خطبہ میں کہا کہ جو صاحب استطاعت ہو اس پر حج بیت اللہ فرض ہے، اے مسلمانو ! زکوٰۃ ادا کرو، حقوق العباد کا خیال رکھو، قرآن میں لوگوں کیلئے ہدایت موجود ہے، اسلام کی بنیاد خیر و فلاح پر ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ جس انسان کا اخلاق اچھا ہے، جو ماں باپ کی خدمت کرنے والا ہے وہ کامیاب ہوگا۔ والدین کا نافرمان دنیا میں کامیاب ہوگا نہ آخرت میں۔ جورشتے داروں کے ساتھ قطع تعلق کرتا ہے وہ اللہ کی رحمت سے دور ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو ہمیشہ عدل کے ساتھ فیصلے کرنے چاہئیں، حج ظلم وناانصافی کے راستے کو کبھی اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے مسلمانوں پر زور دیا کہ فحش کاموں کو چھوڑ دیں، حیا کو لازم پکڑیں ، اللہ نے شراب ، جوئے اور شرکیہ امور کو حرام کردیا ہے، شراب اور جوئے کے نزدیک نہ ہوجاؤ، شراب پینے والے کے تمام اعمال ضائع کردیئے جاتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج دعا کرنے سے اللہ بہت سارے لوگوں کو معاف فرما دیتا ہے، آج کے دن اللہ تمام کی تمام دعاؤں کو قبول فرماتے ہیں۔
شیخ ماہر بن حمد نے کہا کہ فلسطین کے مسلمانوں پر بہت عظیم ظلم ڈھائے جارہے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ امت مسلمہ فسلطین کے مسلمانوں کو یہود کے ظلم سے نجات دلائے۔
خطبے کے بعد مسجد نمرہ میں ظہرین اداء کی گئی جس کی امامت شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے کی ، مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد عازمین نے ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں۔

مزید پڑھیں:  سوات:مسافرکوچ میں سلنڈر پھٹنےسےآگ بھڑک اٹھی،14افراد جھلس گئے