چارسدہ، 13 سالہ بچی سے نکاح کرنے والا 72 سالہ شخص گرفتار

ویب ڈیسک: ضلع چارسدہ میں 13 سالہ بچی سے نکاح کرنے والا 72 سالہ شخص گرفتار، اس موقع پر نکاح خواں بھی دھر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ تنگی کے ایس ایچ او مظفر خان نے 13 سالہ بچی سے نکاح کرنے والے 72 سالہ شخص اور نکاح خواں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق تنگی زیارت کلے میں عالم سید ولد عمر محمد اپنی 13 سالہ بچی کو 5 لاکھ روپے پر فروخت کر رہا تھا جبکہ پشاور ارمڑ کے رہائشی 72 سالہ شخص سے ان کا نکاح کیا جا رہا تھا۔
تھانہ تنگی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور اس دوران ملزمان 72 سالہ شخص حبیب خان ولد غلام حبیب اور نکاح خواں واجد اللہ ولد امین اللہ ساکنان ارمڑ پشاور کو موقع پر گرفتار کر لیا جبکہ 13 سالہ بچی کا والد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
لڑکی کے والد اور ضعیف العمر شحض کے خلاف تھانہ تنگی میں رپورٹ درج کر دی گئی۔
تھانہ تنگی پولیس آفیسر کے مطابق متاثرہ 13 سالہ بچی کو لیڈی کانسٹیبل کی نگرانی میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔ فرار ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  عیدالاضحٰی: ملک بھر میں 12 لاکھ سے زائد جانور ذبح کیے گئے