آئی ایم ایف پروگرام آخری،پاکستان کوکھویامقام واپس دلوائینگے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے قوم سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو حج اور عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ آج فلسطین میں ظلم کا پہاڑ ڈھایا جا رہا ہے، ہر دن ظلم کی ایک نئی داستان لے کر طلوع ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونی فلسطین میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فلسطین میں ہونے والے ظلم کی مثال نہیں ملتی۔ دعا ہے فلسطین اور کشمیر کے عوام کو آزادی ملے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی لیکن شبانہ روز محنت سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اس میں تمام اتحادی جماعتیں بھی شامل حال رہیں۔
وزیراعظم نے حکومت کے 100 دن مکمل ہوحے پر کہا کہ قرضوں پر 22 فیصد انٹرسٹ ریٹ کم ہو کر 20 فیصد پر آگیا ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی ہو رہی ہے جس کے ثمرات عوام کو ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کھویا مقام واپس دلوائیں گے، یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔
ماضی کی تلخ یادیں یاد کرتے ہوئے شہباز شریف نے بتایا کہ ماضی سے سبق حاصل کرنا چاہئے، ملک میں مہنگائی 38 فیصد سے 12 فیصد پر آگئی۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا بااعتماد دوست اور سعودی عرب بااعتماد برادر ملک ہے۔ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے، اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے پورا نظام وضع کر لیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ ڈیڑھ ماہ میں معیشت کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوازشریف نے2017 میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا، موجودہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا، سب مل کر محصولات کی وصولی کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں اور 100 فیصد ڈیجیٹلائزیشن کی ذمہ داری عالمی شہرت رکھنےوالی کمپنی کو دے دی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتوں کے لیے ساڑھے 10 روپے فی یونٹ بجلی سستی کردی ہے، سستی بجلی سے صنعتوں کے اوپر سے 200 ارب روپے کا بوجھ کم ہوجائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ شاہانہ اخراجات کا خاتمہ میری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ شفاف نجکاری کا عمل مزید تیز ہوگا، اربوں روپے کا خسارہ قوم پر نہیں ڈالیں گے، 5 سال میں بیروزگاری اور غربت کی کمر توڑ دیں گے۔

مزید پڑھیں:  عیدالاضحی: لاکھوں سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا