اہم تجارتی و سیاحتی شاہراہوں کی تعمیرکا احسن منصوبہ

ایک ایسے وقت میں جب وفاق کی جانب سے خیبر پختونخوا کو نظراندازکرنے کی شکایات میں اضافے کا دور جاری ہے ایکنک کی جانب سے 109 ارب سے زاید مالیت کا چکدرہ چترال روڈ کی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیجنا اور لواری ٹنل کے الیکٹریکل اورمیکینکل کام کے 372 ارب سے زائد کے منصوبے کی ایکنک کو ارسال کرنے کا اقدام حوصلہ افزا ء امر ہے دونوں منصوبوں کی اگر بیک وقت منظوری اور کام شروع کرنے کی طرف پیشرفت میں کچھ مالی مشکلات بھی پیش آئیں تو کم از کم ایک منصوبے پر اگر بلاتاخیر کام شروع کیاگیا تو یہ صوبے میں مواصلات کے شعبے میں بڑے منصوبے کا آغاز ہو گا دیکھا جائے تو یہ دونوں ہی مربوط منصوبے ہیں جن کی تکمیل سے ہی سی پیک کا متبادل روٹ مل سکے گا لواری ٹنل کا منصوبہ بے پناہ وسائل کے استعمال کے باوجود ادھورا ہے صرف مقامی ضرورت کی آمدورفت ہوتی ہے جو غنیمت اس لئے گردانا جانا چاہئے کہ قبل ازیں چترال کے دو اضلاع چار سے چھ ماہ باقی ملک سے زمینی طور پر منقطع رہتے تھے لواری ٹنل کی باقی ماندہ تعمیر اور سہولتوں کی فراہمی کے بعد ہی اسے مصروف تجارتی گزر گاہ اور بین ا لاقوامی شاہراہ کے طور پر استعمال کرنا ممکن ہوسکے گا اسی طرح چکدرہ چترال روڈ اور چترال گلگت روڈ کے منصوبے چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارت کے فروغ کے لئے ضرورت ہیں جبکہ سیاحت کے بے پناہ مواقع اور بین الاقوامی طور پرسیاحوں کی چترال کی سیاحت میں دلچسپی بھی ا یک اہم عنصر ہے دفاعی اہمیت کے مواصلاتی نظام کی ضرورت بھی اس سے کماحقہ پوری ہوسکتی ہے علاقائی ترقی اور پائیدار ترقی بھی اس سے وابستہ عوامل ہیں ایک جانب جہاں محولہ منصوبوں کی ایکنک سے منظوری کی خوشخبری کی توقع ہے تو وہاں دوسری جانب چکدرہ سے رباط تک تقریباً 29 کلو میٹرسے زائد دیر موٹروے کی تعمیرکا ا شتہار حوصلہ افزاء قدم ہے جس کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا احسن منصوبہ اس خواب کی تکمیل کا ہی ایک حصہ ہے جو پشاور اسلام آباد موٹروے سے نکلنے والی سوات ایکسپریس وے کی تعمیر اور پھر دیر موٹروے کے منصوبے کے ذریعے ایک مکمل بین ا لاقوامی شاہراہ کی تعمیر اور پھراس سے آگے چکدرہ چترال روڈ کی تعمیر اور چترال گلگت روڈ کی تعمیر سے اس رابطہ شاہراہ کو چین تک پہنچانے کا عمل اس خواب کی تعبیر ہوگی جس سے ہماری نئی نسل اور ملک کی معاشی ترقی کی امیدیں وابستہ ہیں۔

مزید پڑھیں:  بجلی کے نئے منصوبے اور آئی ایم ایف کا دباؤ