خیبرپختونخوا میں بارشوں سے موسم خوشگوار

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے موسم خوشگوار، بجلی غائب

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں بارشوں سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کے ستائے چہرے کھل اٹھے جبکہ اس موقع پر کئِی فیڈر ٹرپ کر گئے، بجلی غائب ہونے سے پینے کا پانی تک ناپید ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں سے موسم خوشگوار ہو گیا، مالاکنڈ، ایبت اباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی اور نوشہرہ سمیت پشاور میں بھی باران رحمت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بارش سے حبس میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے، دوسری طرف ندی نالے بھی ابل پڑے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کی قلعی کھولتے ہوئے سارا گند سڑکوں پر تیرنے لگا، عملہ صفائی بھِی بجلی کی طرح غائب ہو گیا۔

ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ اور گرد و نواح میں رات گئے سے کبھی ہلکی کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اس کے ساتھ ہی باران رحمت شروع ہوتے ہی بٹ خیلہ گرڈ سٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی بند کر دی گئی۔
ضلع ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام ٹھنڈیانی روڈ ہوتر کس کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ بحی رونما ہوا۔ صوبہ میں جہاں بارشوں سے موسم خوشگوار ہوا وہاں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے، ٹھنڈیانی روڈ پر پیش آنے والے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے کے دوران سوزوکی پک اپ دب گئی۔
لینڈ سلائیڈنگ سے دبنے والی سوزوکی پک اپ میں 4 سالہ بچے سمیت 3 افراد موجود تھے۔ اس موقع پر مقامی لوگ گاڑی میں پھنسے افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے میں جت گئے۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی پہنچ گئی۔
ایبٹ آباد میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد ایبٹ آباد ٹھنڈیانی روڈ پر ٹریفک جام ہوگئی۔ شاہراہ ریشم و مری روڈ پر بھی متعدد مقامات پر پانی کے باعث ٹریفک روانی متاثر رہی۔ سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
یاد رہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا شکار ہونے والی سوزوکی پک اپ ایبٹ آباد سے ٹھنڈیانی جا رہی تھی۔
شدید بارش سے ایبٹ آباد میں سپلائی تاکالا پل سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، اس پر بھِ ٹریفک جام ہو گئی، جبکہ دوسری طرف ندی نالے بھی ابل پڑے اور طغیانی کے بعد پانی گھروں میں داخل ہونے لگا۔
ایبٹ آباد میں طوفانی بارشوں کے دوران گندگی سڑکوں پر امڈ آئی، مون سون بارش نے سرکاری محکموں کی کارکردگی کا پول بھی کھول کر رکھ دیا۔
ضلع مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ دوسرے روز بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
گرمی کے مارے عوام کے چہرے جہاں بارش سے کھل اٹھے وہیں موسم بھی خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم بارش سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور روڈ زیر اب آ گئے اور کئی علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی۔
مانسہرہ کی تحصیل اوگی، دربند، بالاکوٹ اور بفہ پکھل میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ضع ہری پور میں بھِی مون سون بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہرسمیت تحصیل خانپور اور غازی میں بھی اس سے موسم نے انگڑائی لی اور بارش سے گرمی اور ساون کی حبس میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ شہری علاقوں سمیت اپر خانپور، مکھنیال، ناڑا آمازئی، سلم کھنڈ و دیگر دیہی اور شہری علاقوں میں بارش جاری ہے۔
شدید بارش سے ضلع کی تمام آبی گزرگاہوں و ندی نالوں میں طغیانی بھی دیکھی جا رہی ہے جبکہ مختلف مقامات پر بارش کا پانی سڑکوں پر امڈ آیا۔
آبی ماہرین کے مطابق ضلع میں واقع تربیلہ ڈیم میں اس وقت پانی کی آمد 2 لاکھ 59 ہزار 300 کیوسک ہے، جبکہ پانی کا اخراج ایک لاکھ 90 ہزار ہے۔ تربیلہ ڈیم فل لیول 1550 فٹ ہے جبکہ اس وقت موجودہ لیول 1521 فٹ پر پہنچ گیا ہے۔
ہائیڈرالوجی کے مطابق تربیلہ ڈیم کے تمام پیداواری یونٹ فل استعداد پر چل رہے ہیں، تربیلہ ڈیم سے اس وقت 4890 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو جارہی ہے۔

ضلع صوابی بھر میں بارشوں کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ندی نالے آمڈ آئے اور نشیبی علاقے میں پانی داخل ہو گیا، اس سے شریف آباد میں پانی گھروں میں بھی داخل ہونے لگا ہے۔
ریسکیو اہلکار اس وقت شریف آباد میں واٹر پمپس کے ذریعے پانی نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ دوسری جانب کئی علاقوں میں روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں، محکمہ موسمیات نے مذید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ضلع صوابی مایں کوٹھا کے مقام پر بارش کی وجہ سے مویشیوں کے باڑے کی چھت گر گئی جس سے دو بیل ملبے تلے دب گئے۔
ضلع نوشہرہ اور گرد و نواح میں آج تیسرے روز بھی بارش جاری ہے۔ تین روز کی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم کھیتوں میں پانی جمع ہوگیا۔
شدید بارش میں شہر بھر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئی ہیں، اس کے ساتھ ہی برساتی نالوں میں طغیانی واقعات دیکھے جانے لگے ہیں، کئی مقامات پر فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ بجلی کی ٹرپنگ سے متعدد میٹرز اور برقی الات جل کر ناکارہ ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل پر ایران کا حملہ، غزہ اور لبنا ن میں جشن، حماس کی ستائش