ارشد ندیم کی کامیابی پر صدر

ارشد ندیم کی کامیابی پر صدر و وزیراعظم کی مبارکباد

ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے پر جہاں عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں ارشد ندیم کی کامیابی پر صدر و وزیراعظم نے مبارکباد دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ایتھلیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ارشد ندیم کو پوری قوم کا فخر قرار دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے، انہوں نے نہ صرف 40 سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل دلایا بلکہ اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ بھِی توڑ کر ریکارڈ قائم کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کا طویل ترین تھرو کرنا بڑا کارنامہ ہے، انہوں نے اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
ارشد ندیم کو تاریخی کامیابی پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اولمپکس کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرکے ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے اس کامیابی کے ساتھ ہی پوری قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا جس سے 14 اگست کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی اتھلیٹ نے اپنی شبانہ روز محنت سے یہ اعزاز پایا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، دہائیوں بعد اس کامیابی کے بدولت اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ملاقات میں ارشد ندیم کو بلند حوصلہ اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے جذبے سے سرشار پایا تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر حکام نے بھی مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میِں پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کی کامیابی پر صدر و وزیراعظم نے مبارکباد دی۔

مزید پڑھیں:  شمالی وزیرستان میں شرپسند سرگرم،کسٹم انسپکٹر ڈرائیور سمیت اغواء