مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا:دوران ڈیوٹی شہیداہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں دوران ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کے لئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلے کے تحت پولیس،ریسکیو سمیت دیگر صوبائی محکموں کےدوران ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹس دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج اور ایف سی کے شہدا کے ورثا کو بھی پلاٹس دیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پلاٹس الاٹمنٹ کا آغاز مختلف سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں میں دستیاب 500 پلاٹس سے کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے ورثا کو پلاٹس دینے کا مقصد خاندانوں کی معاشی سپورٹ کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ شہدا نے ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے جو قربانیاں دی ہیں ان کا کسی صورت بدلہ نہیں چکایا جا سکتا۔
وزیراعلی نے ہنگو، نوشہرہ، پشاور، سوات اور ایبٹ آباد میں واقع ہاؤسنگ اسکیموں میں دستیاب پلاٹوں سے شہدا کے خاندانوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ جلد کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی امجد علی، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور دیگر اعلی حکام شریک تھے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل پرحملہ اسماعیل ہنیہ اورحسن نصراللہ کی شہادت کابدلہ ہے پاسداران انقلاب