چارج شیٹ ادھوری

فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ ادھوری ہے، عوامی نیشنل پارٹی

ویب ڈیسک: عوامی نیشنل پارٹی نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف چارج شیٹ ادھوری ہے۔
ترجمان اے این پی انجینئر احسان خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اگر فیض حمید کے خلاف کارروائی ٹاپ سٹی ہاؤسنگ اسکیم میں بد عنوانی تک محدود ہے تو یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید طاقتور عہدے پر رہتے ہوئے بھی اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جمہوریت دشمن سرگرمیوں میں مرکزی کردار رہے ہیں،فیض حمید کا محاسبہ حلف کی خلاف ورزی اور غیر آئینی سرگرمیوں پر کیا جائے۔
جمہوریت،آئین اور آئینی اداروں کو کمزور کرنے میں کوئی بھی ملوث ہو ، انہیں کٹہرے میں لائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
انجینئر احسان خان کے مطابق سیاسی و حکومتی امور میں مداخلت کے رویوں نے پہلے ہی اس ملک کو دولخت کیا ہوا ہیاور اب پھر وہی حالات پیدا کیے جا رہے ہیں۔
اے این پی جمہوریت، جمہوری اداروں، جمہوری اقدار اور جمہوری رویوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتی ہے۔
اے این پی ہمیشہ جمہوری اقدار ، انسانی حقوق اور عوامی مسائل کے لیے میدان میں رہی ہے اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رہے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اے این پی نے فیض حمید، قمر جاوید باجوہ، عمران خان، محمود خان اور بیرسٹر سیف کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی ہے، اسے بھی جلد نمٹایا جائے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر نے غزہ جنگ بندی سے متعلق امریکی وعدوں کو جھوٹا قرار دیدیا