ہسپتالوں میں بی او جی چیئرمین

پشاور ہائی کورٹ: ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں بی او جی چیئرمین اور ممبران بحال

ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں بی او جی چیئرمین اور ممبران بحال کر دیئے۔
یاد رہے کہ عدالت نے دوران سماعت 11 جون کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں چیئرمین اور ممبران بورڈ آف گورنرز کو بحال کر دیا۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں جواب کیوں جمع نہیں کر رہی؟، ایسا لگ رہا ہے کہ جواب جمع کرنے میں سنجیدہ نہیں، کسی کی برطرفی نہیں ہوگی، کام جاری رکھیں۔
اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے کہا کہ دو ہفتے کا وقت دیا جائے جواب جمع کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے ممبران اور ان کے چیئرمین کو ہٹانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے ججز جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید ارشد علی نے کی۔
دوران سماعت عدالت نے 11 جون کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں بی او جی چیئرمین اور ممبران کو بحال کردیا۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ عدالت میں سیکرٹری، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر افسران موجود تھے پھر بھی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔
جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ 5 جولائی کو عدالت نے جواب جمع کرنے کا حکم دیا ابھی تک جواب جمع نہیں کیا، ایڈوکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ بی او جی چیئرمین اور ممبران کی نئی تعیناتی کریں گے۔
بعد ازاں عدالت نے صوبائی حکومت سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں ملٹری آپریشنز کی ضرورت نہیں، سرفراز بگٹی