خیبرپختونخوا کی سستی بجلی

خیبرپختونخوا کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علیف سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے، وفاق بجلی کے اربوں کے بقایاجات ادا کرے۔
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47کے ایم این اے کے پاس بجلی کے بلوں میں کمی کے اعلان کا قانونی اختیار نہیں، مینڈیٹ چور خیبر پختونخوا کے بقایا جات پر سانپ بن کر بیٹھا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کر رہا ہے، جو صوبہ سستی بجلی پیدا کر رہا ہے اسے بجلی اور بلوں میں ریلیف سے محروم رکھا گیا۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور نے صرف پنجاب کیلئے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے، بجلی ریلیف کے سب سے زیادہ حقدار اور مستحق خیبر پختونخوا کے عوام ہیں، فارم 47 سرکار نے پورے ملک کے بجائے صرف پنجاب میں صارفین کو ریلیف دیا۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور کے فیصلوں سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھے گی، مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ضلع کرم میں 9روز سے پاراچنارٹل شاہراہ، پاک افغان خرلاچی بارڈر بند