2 مزید لاشیں بولان سے برآمد

2 مزید لاشیں بولان سے برآمد، جاں بحق افرادکی تعداد 54ہوگئی

ویب ڈیسک: 2 مزید لاشیں بولان سے برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں 2 روز قبل دہشتگردی واقعات کے بعد بولان سے مزید دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، اس کے ساتھ ہی دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ بولان کے علاقے دوزان میں ریلوے پل کے ملبے سے مزید دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
ادھر این ایچ اے عملے نے تخریب کاری سے متاثرہ قومی شاہراہ پر گرنے والے ریلوے پل کو اٹھا کر قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کردی، ریلوے پل گرنے کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس بدستور معطل رہی۔
اس سلسلے میں ریلوے حکام نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردی واقعے میں متاثرہ پل کی مرمت کیلئے ڈیڑھ سے دو ماہ کا وقت درکار ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے دہشتگردی واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل، بولان، قلات اور مستونگ میں دہشتگردی کے پے در پے 8 واقعات کے مقدمات تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 2 مزید لاشیں بولان سے برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔

مزید پڑھیں:  ویلج و نیبر ہڈ کونسل ضمنی انتخابات 20 اکتوبر کو ہوں گے