ملکی ترقی کا سفر جہاں رکا

ملکی ترقی کا سفر جہاں رکا تھا، وہیں سے شروع ہو چکا، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوگیا، آج ملک میں مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے جس پر شکر بجا لاتے ہیں۔ ملکی ترقی کا سفر جہاں رکا تھا، وہیں سے شروع ہو چکا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم نے مہنگائی کی سالانہ شرح 6 اعشاریہ 9فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا، آئی ایم ایف پروگرام کے اجراءسے معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 6 فیصد آئی جبکہ ستمبر میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6 اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی، مہنگائی کی شرح میں کمی سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم پاکستان نے یہ بھی کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے جبکہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے عوامی ریلیف کےلئے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا، مہنگائی شرح کو 2025ءتک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی ترقی کا سفر جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  102ارب ریونیو، موٹروے اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس بڑھا دیا گیا