کوروناویکسین کےمبینہ ناموافق اثرات کیخلاف دو درخواستیں خارج

ویب ڈیسک (اسلام آباد)اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا ویکسین کے مبینہ ناموافق اثرات کے خلاف 2 درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کورونا ویکسین کے مبینہ ناموافق اثرات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی جس میں درخواست گزار شہریوں نے اپنی پٹیشن میں کورونا ویکسین کے مبینہ ناموافق اثرات سے متعلق اقدامات اٹھانے کی درخواست کی تھی۔

درخواست گزار شہری کا کہنا تھا کہ ویکسین اب ہر کسی کے لیے لازمی ہو چکی ہے شہریوں کو اس کے اثرات کا پتہ ہونا چاہیے، کورونا ویکسین کے ناموافق اثرات سے متعلق کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔

مزید پڑھیں:  چمن :باب دوستی پر پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کیخلاف دھرنے کو 6ماہ مکمل

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت اس حوالے سے حکومت کو ہدایات جاری کرے، اس پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ کورٹ بلاوجہ کسی کو ڈائریکشنز نہیں دیتی، درخواست گزار شہری نے پھر کہا کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے، کس نے آپ کو کہا ریاست ذمہ داری نہیں لے رہی،آپ متبادل فورم پر این سی او سی کے پاس جا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کو رہائی دے دینی چاہئے،مشاہد حسین سید

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے شہری سے استفسار کیا کہ آپ کیا کرتے ہیں ؟ درخواست گزار شہری نے جواب دیا کہ میں پرائیویٹ ملازمت کرتا ہوں ۔

عدالت نے شہری سے استفسار کیا کہ کس کے کہنے پر آپ نے یہ پٹیشن دائر کی؟ کس نے یہ ڈرافٹ کی؟ اس متعلق شہری عدالت کو کوئی خاطر خواہ جواب نہ دے سکا جس کے بعد عدالت نے درخواست خارج کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔