خیبرپختونخواکے بقایاجات 233ارب روپے

وفاق کے ذمہ خیبرپختونخواکے بقایاجات 233ارب روپے سے متجاوز

ویب ڈیسک :تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے وفاقی حکومت کے ذمہ خیبر پختونخوا کے بقایاجات 233ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں تجربہ کار معاشی ٹیم نے صنعتوں کو تالہ لگا دیا ہے اور عوام ان غلط پالیسیوں کا نتیجہ بھگت رہے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف پشاور سٹی کے زیر اہتمام آج چوتھے روز بھی مہنگائی، بجلی، گیس، اور آٹے کی بڑھتی قیمتوں و معاشی استحصال کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہا جس میں صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا، ایم پی اے رابعہ بصری، سٹی صدر عرفان سلیم، صدر پشاور رورل ارباب عاصم خان، صدر چترالی بازار عبد الرازق چترالی، صدور شفیع مارکیٹ حاجی نور محمد اکاخیل، سید نواب، صدر جیولر ایسوسی ایشن حاجی شیر فرزند، قاسم علی شاہ، اشرف روڈ بازار صدر بمعہ کابینہ اور دیگر نے شرکت کی۔
بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار کی کارستانیوں سے ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پرہے اس وقت وفاقی امپورٹڈ حکومت ، صوبائی حکومت کی 233ارب روپے کی مقروض ہے، انھوں نے کہا کہ تجربہ کار ٹیم کی ناتجربہ کاری عام عوام کو بھگتنا پڑھ رہی ہے۔
اس وقت ملک میں امپورٹڈ سامان بند ہے، ایل سیز نہیں کھل رہی ملکی میں انڈسٹریاں بند ہوگئی ہیں۔ ان تمام مسائل کا حل صرف صاف و شفاف الیکشن ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز چوک یادگار میں 1بجے دوپہر تاریخی احتجاج ہوگا۔ جس میں پشاور کے شہریوں اور پی ٹی آئی کے صوبائی اور مقامی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ تاجر برادری اور دیگر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک ہونگے۔

مزید پڑھیں:  جعلی حکومت آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی داؤ پر لگا رہی ہے،بیرسٹر سیف