خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے کالے یا رنگین شیشوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی

کالے یا رنگین شیشوں والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے کالے یا رنگین شیشوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی صوبہ بھر میں تمام کالے شیشوں والی گاڑیوں اور کالے شیشے لگانے والے دکانداروں کیخلاف آپریشن کے احکامات جاری کردئے ہیں محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے آئی جی پولیس، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 2013کے بعد سے اب تک صوبائی حکومت کے کالے یا رنگین شیشے استعمال کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی ہے
محکمہ داخلہ کے مطابق عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں حالیہ اضافے اور مسلسل خطرے کی وجہ سے احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میںدیگر عوامل کے علاوہ، گاڑیوں پر رنگین شیشوں اور جعلی یا بے قاعدہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے منسلک خطرات بھی نمایاں ہیں خیبر پختونخوا میں صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 اور پاکستان موٹر وہیکل رولز 1969 میں مندرجہ ذیل دفعات کے تحت رنگے ہوئے شیشوں اور جعلی نمبر پلیٹوں کے استعمال پر پابندی ہے۔
ہر موٹر گاڑی کی اگلی ونڈ اسکرین کے سائیڈ اور پچھلی کھڑکی یا اسکرین کے شیشے اس طرح کے ہوں گے اور ان کو اس حالت میں برقرار رکھا جائے گا کہ گاڑیوں کے اندر اور باہر سے صاف شفاف اور نظر آنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیور کو بھی صاف نظر آئے۔ اس قاعدے کے مقاصد کے لیے گاڑی کے سامنے اور سائیڈ کی طرف اور تجویز کردہ آئینے کے ذریعے گاڑی کے اندر سے باہر سے نظر آنے میں رکاوٹ بننے کے قابل رنگ یا اس قسم کے شیشے کا استعمال ممنوع ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالے یا رنگین شیشوں کے استعمال کی اجازت نہیں ہے محکمہ داخلہ نے سال 2013 سے رنگ دار شیشوں کے اجازت نامے جاری نہیں کی ہے جعلی این او سی رکھنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے جبکہ شیشے کالے یا رنگین کرنیوالے دکانداروں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔

مزید پڑھیں:  روف حسن کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت ملتوی