صوابی خاتون کی ویڈیو وائرل

صوابی،خاتون کی ویڈیووائرل کرنے پرفائرنگ،2افرادجاں بحق

ویب ڈیسک: صوابی میں سوشل میڈیا پر خاتون کی ویڈیو وائرل ہونے کے تنازعہ پر اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ موضع جلال آباد کرنل شیر خان کلے میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ محمد اسلام سکنہ طوطا لئی یونس خیل نے تھانہ صوابی کو بتایا کہ اس کے بھتیجے زوہیب علی کے بارے میں خالق شیر سکنہ جنگ درہ کو شک تھا کہ اس کی بیٹی کی ویڈیوز زوہیب علی نے سوشل میڈیا پر وائرل کی ہیں جس پر ہمارے درمیان رنجش پیدا ہوگئی ۔
اتوار کے روز مشران جرگہ ہمارے اور خالق شیر کے درمیان راضی نامہ کروا رہے تھے۔ بھتیجا زوہیب علی دیگر رشتہ داروں گلزار شاہ ولد حکمت شاہ، اپنے بھائی وسیم عباس اور والدہ زوجہ محمد سلام جرگہ میں شرکت کے لئے آئے تھے ۔ راضی نامہ کے بعد زوہیب علی اور گلزارشاہ ایک موٹر سائیکل اور دوسرے موٹرسائیکل پر وسیم عباس اور والدہ سوار ہوکر واپس طوطالئی دیہہ مانیری جا رہے تھے جب وہ سٹیفا روڈپر پل بانڈہ سلیم خان کے مقام پر پہنچے تو موٹرسائیکل سوار صہیب اور نظار علی پسران عبدالولی نے فائرنگ شروع کردی
جس کے نتیجے میں زوہیب علی اور گلزار شاہ گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ میں وجہ عناد یہ بیان کی گئی ہے کہ دختر خالق شیر جو ملزموں کی بھابھی تھی کو اسی ویڈیوز کے وائرل ہونے کے شک کی بنا پر طلاق دی گئی ہے۔ اسی بناء ملزموں نے فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کر دیا ۔ د ریں اثناء شاہ بہادر سکنہ جلال آباد کرنل شیر کلے نے کالو خان پولیس کو ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اتوار کی سہ پہر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھا اس دوران اس کا بیٹا زوہیب حسین نماز ظہر کیلئے مکان کے تہہ خانے میں گیا جب میں نے جا کر دیکھا تو وہ خون میں لت پت پڑا تھا اور موقع پر جاں بحق ہو چکا تھا اور اس کے پاس پستول بھی پڑا تھا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثات، 4 افراد جاں بحق