درخواست واپس لینے کا اعلان

برطانیہ کا اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ کیخلاف درخواست واپس لینے کا اعلان

ویب ڈیسک: برطانیہ کی نئی حکومت نے اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع کی گرفتاری کیلئے عالمی عدالت سے جاری وارنٹ کیخلاف دائر درخواست واپس لینے کا اعلان کر دیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے نئی برطانوی حکومت نے سابق حکومت کی جانب سے اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع یووا گیلنٹ کی گرفتاری کیلئے عالمی عدالت کے جاری وارنٹ کیخلاف دائر درخواست واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے ترجمان نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ نئی حکومت عالمی عدالت کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی درخواست واپس لے گی کیونکہ ہمارا طویل موقف ہے کہ یہ عدالت کا معاملہ ہے لہٰذا وہی فیصلہ ہوگا۔
وزیر اعظم کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ برطانوی حکومت قومی اور بین الاقوامی دونوں سطح پر قانون کی عملداری اور اختیارات کی منتقلی پر بھرپور یقین رکھتی ہے۔
دوسری جانب نئی برطانوی حکومت کے فیصلے کو برطانیہ میں یہودی تنظیموں نے مسترد کر دیا ہے اور اس کو سخت فیصلہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ اس سے برطانوی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے جبکہ اسرائیل برطانیہ کا اتحادی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی عدالت نے رواں برس مئی میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یووا گیلینٹ کو جنگی جرائم میں کردار پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔

مزید پڑھیں:  ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال