ارشد ندیم میاں چنوں

فخر پاکستان ارشد ندیم اپنے گھر پہنچ گئے،پورا گاؤں امڈ آیا

ویب ڈیسک: اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے فخر پاکستان گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم قافلے کی صورت میں اپنے آبائی گھر میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کے استقبال کیلئے پورا گاؤں امڈ آیا ۔
ارشد ندیم کے گاؤں میں جشن کا سماں بندھ گیا، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جبکہ فضا ارشد ندیم زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے گھر پہنچنے پر جذبانی مناظر دیکھنے میں آئے، ماں نے عظیم سپوت کو گلے لگا کر استقبال کیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے، دیکھنے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے، عزیز واقارب اور خواتین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور گلے لگ کر مبارکباد پیش کی۔
گھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ نیرج چوپڑا بھی بھائیوں کی طرح اور دوست ہے، جس ایتھلیٹ نے جتنی محنت کی اللہ نے اس کا پھل دیا۔
قبل ازیں قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

مزید پڑھیں:  آرٹیکل 63اے نظرثانی کیس، جسٹس منیب اختر کالارجر بینچ میں شمولیت سےانکار