77واں یوم آزادی ملک بھر

77واں یوم آزادی ملک بھر میں ملی جوش وجذبے سےمنایا جارہا ہے

ویب ڈیسک: 14 اگست کے پرمسرت دن پر 77واں یوم آزادی ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
اس دن یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ تحریک پاکستان کے جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
ان دن کی مناسبت سے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔
ملک کے 77 ویں جشن آزادی کے روز مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب بھی منعقد کی گئیں۔ سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو بھی سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ رکھے گئے۔
ادھر ملک بھر کی مساجد میں دِن کا آغاز قرآن خوانی، ملک و قوم کی سلامتی،خوشحالی، ترقی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
اس دوران تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا گیا، وطن عزیز کی سالمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا۔
یوم پاکستان پر توپوں کی سلامی کے موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی بھی پیش کی۔ پاک فوج کے دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی بُلند کئے گئے۔
گوادر میں بھی جشن آزادی کے پر مسرت موقع پر رنگارنگ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ رنگارنگ آتش بازی سے گوادر کا آسمان روشنیوں سے منور ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق 14 اگست کے پرمسرت دن پر 77واں یوم آزادی ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اس دوران گوادر کی عوام کی بڑی تعداد نے آتشبازی کا مظاہرہ دیکھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عمران خان سے ملاقات،ڈی چوک احتجاج پر مشاورت