200یونٹ والے صارفین

پنجاب میں 200یونٹ والے صارفین 14روپے ریلیف سے محروم

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لئے14روپے فی یونٹ ریلیف 200یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو نہیں ملے گا۔
ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی مہنگی نہیں کی گئی تھی، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کا پہلے ہی پروٹیکٹڈ صارفین میں شمار ہوتا ہے۔
پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق 201یونٹ سے500 یونٹ والے صارفین کو بجلی کے بلوں میں14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔
کل یونٹ اور تمام ٹیکسز شامل کرنے کے بعد فی یونٹ سے14 روپے مائنس کر دیئے جائیں گے۔
ٹیکسز ڈال کر فی یونٹ44 روپے کا بنتا ہے تو اس میں سے14 روپے کا ریلیف ملے گا، یوں ریلیف کے بعد صارف کو30 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے ٹیرف میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں میں ہوگا۔
ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کام شروع کر دیا گیا ہے، مریم نواز پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے اور سہولتیں فراہم کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبے میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 2 ماہ کیلئے 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہبازشریف وطن واپس پہنچ گئے