ملک گیر مہم چلانے کا عندیہ

پی ٹی آئی کا حکومت کے خلاف ملک گیر مہم چلانے کا عندیہ

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان حکومت کے خلاف ملک گیر مہم چلانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی ۔
اسلام آباد میں 22اگست کے جلسے کی تیاری کے حوالے سے گرینڈ اپوزیشن قیادت کا محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22اگست کے اسلام آباد جلسے کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
شرکاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے بانی پی ٹی آئی سے متعلق تازہ فیصلے پر بھی غور کیا جبکہ پارلیمنٹ میں حکومت کے کردار پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔
سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ پرامن جلسہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، 22 تاریخ میں اسلام آباد میں عظیم الشان جلسہ ہوگا جس میں پورے ملک سے کارکنان شرکت کریں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ امید ہے انتظامیہ ہمارے جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی،تحریک انصاف کے جلسے ہمیشہ پرامن رہے ہیں،پاکستان میں آئین کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی اور حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا نصیرات کیمپ سمیت شام پر حملہ، 50 افراد شہید