بارش اورسیلابی ریلوں سے تباہی

ملک میں بارش اورسیلابی ریلوں سے تباہی ،کئی دیہات ملیا میٹ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا ،بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے ،کئی دیہات ملیا میٹ ہو گئے ۔
سیلابی ریلوں کے باعث کچے مکانات بہہ گئے، فصلیں ڈوب گئیں اور مختلف واقعات میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت اور مسلم باغ سمیت متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سندھ کے علاقے دادو میں گائوں بھائی خان لاشاری کے قریب 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی کھڑی فصلوں میں داخل ہوگیا، تحصیل سیہون میں کچے کے متعدد دیہات پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔
نواب شاہ میں طوفانی بارشوں سے کپاس اور چاول کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ نوشہروفیروز کے بچا بند میں شگاف سے 10 گاں اور فصلیں زیرآب آگئی ہیں۔
پنجاب کے علاقے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال سے دیہی اور کچے کے علاقے شدید متاثر ہوگئے ہیں، وڈور ندی کے سیلابی ریلے میں ایک شخص جبکہ راجن پور میں سیم نالے میں ڈوب کر بچی جاں بحق ہوگئی۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، سوات اور اپردیر سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، سیلابی ریلوں نے کئی دیہات کو ملیامیٹ کردیا جبکہ متعدد علاقوں میں انفرااسٹرکچر اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں:  عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان