راجگل متاثرین کا دھرنا

جمرود: راجگل متاثرین کا دھرنا جاری ،پاک افغان شاہراہ بند کرنے کی دھمکی

ویب ڈیسک: جمرود میں تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین کا احتجاجی دھرنا 17ویں روز بھی جاری رہا ، متاثرین و قومی مشران کثیر تعداد میں شریک ،پاک افغان شاہراہ بند کرنے کی دھمکی دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق17روز سے جمرود باب خیبر کے مقام پر تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین کا احتجاجی دھرنا جاری ہے جسے دو دن قبل اسسٹنٹ کمشنر جمرود کے دفتر کے مین گیٹ کے سامنے منتقل کیا گیا ہے۔
احتجاجی دھرنے میں تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین و قومی مشران کثیر تعداد میں شریک ہیں۔
تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت مزید حیلے بہانے چھوڑ کر تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین کی واپسی کا اعلان کرکے نوٹیفیکیشن جاری کرے۔
جتنا نقصان ہوا ہے اسکے ازالے کیلئے فوری طور پر سروے کرکے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین و قومی مشران کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز و ضلعی انتظامیہ خیبر کے ذمہ داران شروع دن سے ہمارے ساتھ وعدے کررہے ہیں تاہم ایک وعدہ بھی ایفا نہ ہوسکا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باقاعدہ اعلان کیا تھا کہ تیراہ مکمل طور پر کلیئر ہوگیا ہے تاہم اسکے باوجود 10 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی ہمیں اپنے علاقوں کو واپس جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
تیراہ راجگال کوکی خیل متاثرین و قومی مشران کا کہنا ہے کہ ابھی تک ہم پلان سی تک پہنچ چکے ہیں اور اسسٹنٹ کمشنر جمرود کے سامنے دوسرے روز سے احتجاجی دھرنا دیئے ہوئے ہیں ۔
اگلے پلان کے مطابق پاک افغان شاہراہ کو بند کیا جائے گا اور اس وقت تک بند رکھا جائے گا کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، ملکی معاشی صورتحال میں غریب طبقہ پس کر رہ گیا ہے، لیاقت بلوچ