جسٹس فائز عیسیٰ کولانے کیلئے عدلیہ

جسٹس فائز عیسیٰ کولانے کیلئے عدلیہ پرحملہ کیا جارہاہے، عمران خان

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 9مئی موجودہ حکمرانوں کی انشورنس پالیسی ہے، مئی ختم تو ان کی حکومت بھی ختم ہو جائے گی، جسٹس فائز عیسیٰ کولانے کیلئے عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے.
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، بات صرف فیصلے کرنے والوں سے ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی باتیں کرنے والے بوٹ کے آگے لیٹ گئے.
اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں 2 نئی انٹریاں ہونے والی ہیں، ایک انٹری اس یوٹرن پر ہوگی جس میں ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بوٹ کو عزت دی گئی، نواز شریف اڑھائی سال تک ووٹ کو عزت دو کا کہتے رہے، فوج اور مارشل لا پر تنقید کرتے رہے۔
عمران خان نے بتایا کہ خواجہ آصف نے فوج کو جتنا برا بھلا کہا کسی نے نہیں کہا، احسن اقبال نے پہلی مرتبہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا بتایا تھا، احسن اقبال نے فوج سے متعلق کہا تھا کہ یہ ریاست کے اندر ریاست ہے۔ احسن اقبال تو یہ بھی کہتے رہے کہ پاکستان میانمار بننے جارہا ہے۔
سابق وزیر اعظم کے مطابق جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو یہ 9 مئی کا شور مچاتے ہیں، 9 مئی ان کی انشورنس پالیسی ہے،9 مئی ختم تو ان کی حکومت اور سیاست دونوں ختم ہوجائیں گی۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ جمہوریت کی باتیں کرنے والے بوٹ کے آگے لیٹ گئے ہیں، 9 مئی کی تحقیقات کرنی ہے تو اس کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، مجھے اغوا کرنے کا جس نے حکم دیا اور جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کی، 9مئی کی سازش اسی نے کی ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ گنیز بک میں دوسری انٹری اس پر ہوگی کہ نواز شریف چاروں امپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلا، پھر بھی ہارگیا، دوسری پارٹی کو میچ کھیلنے ہی نہیں دیا گیا، نواز شریف کو جتوانے کے لیے 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے، پٹن کی رپورٹ ہے کہ یاسمین راشد سے جتوانے کے لئے نواز شریف کو 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے، حکومت سے بات چیت کے لئے ہمیشہ تیار ہیں، بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن بات ان کے ساتھ ہوگی جو بااختیار ہیں، جو ان کو لے کر آئے ہیں، حکومت سے بات کرنا الیکشن میں ان کے ڈاکے کو تسلیم کرنا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے 8 ستمبر کے جلسے کے 3 مقاصد ہیں، ایک مقصد چوری کیا ہوا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو واپس کیا جائے، دوسرا مقصد قبضہ گروپ سے ملک کو حقیقی آزادی دلانا ہے اور تیسرا مقصد ملک میں آزاد عدلیہ ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کے لئے عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستان کے لئے اعزاز ہوگا، اگر چانسلر نہ بن سکا تو بھی کوئی بات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ میں اس مقام تک کوئی نہیں پہنچا جہاں میں پہنچا ہوں، پاکستان میں سب سے بڑا سماجی کارکن میں ہوں، ہم نے 2 ہسپتال بنائے، 2 یونیورسٹیاں بنائیں اور ایک یونیورسٹی بن رہی ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 9مئی موجودہ حکمرانوں کی انشورنس پالیسی ہے، مئی ختم تو ان کی حکومت بھی ختم ہو جائے گی، جسٹس فائز عیسیٰ کولانے کیلئے عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈی آئی خان سے کوہاٹ تک حکومتی رٹ موجود نہیں،گورنر فیصل کنڈی