مشیر خزانہ کی یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین

مشیر خزانہ کی یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کو خوشخبری

ویب ڈیسک: مشیر خزانہ کی یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کو خوشخبری، خیبرپختونخوا میں واقع یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کو کنٹریکٹ پر رکھا جا سکتا ہے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبے میں موجود یوٹیلیٹی سٹورز کو فعال رکھنے کیلئے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء اور بیوروکریسی نے بھی شرکت کی۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبے میں واقع یوٹیلیٹی سٹورز کی ملازمین اور اثاثہ جات مانگنے کیلئے بات چیت کی جائے گی۔ خیبرپختونخوا میں واقع یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کو کنٹریکٹ پر رکھا جا سکتا ہے۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کا ڈیٹا معلوم ہونے کے بعد اثاثہ جات اور ملازمین کو صوبہ رکھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ فنانس کو خیبرپختونخوا کے یوٹیلیٹی سٹورز کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے 14 ریجنز میں 817 یوٹیلیٹی سٹورز ہیں۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئَے کہا کہ صوبے میں 2 یوٹیلیٹی سٹورز زاتی مالیت، 30 رینٹ فری اور 785 کرایے پر لئے گئے ہیں، صوبہ بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز میں کل 2249 ملازمین کام کر رہے ہیں۔
مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ صوبے میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز کا ڈیٹا وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو حوالے کیا جائے گا، ان میں سفارشی اور نااہل ملازمین کو بھی دیکھا جائےگا، لیکن کوشش ہوگی کہ سب کو کنٹریکٹ پر رکھیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز جیسے ادارے کو کرپشن کی نظر کر دیا گیا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثہ جات اور ملازمین کیلئے دوسرے صوبے بھی خیبرپختونخوا کے طرز پر اقدامات کریں۔

مزید پڑھیں:  امریکا میں تباہ کن سمندری طوفان ہیلن سے 90 افراد ہلاک