مولانا کی ہاں یا ناں

پوری حکومت مولانا کی ہاں یا ناں پر کھڑی ہے،حافظ حمد اللہ

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم ہیں کیا، اس کا نہ حکومت کو پتا ہے اور نہ اپوزیشن جماعتوں کو، پوری حکومت مولانا کی ہاں یا ناں پر کھڑی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وہ قانون سازی ہونی چاہیے جو ملک اور عوام کے مفادمیں ہو، آئینی ترامیم کیا ہیں، اگریہ آئینی ترامیم ملکی مفاد میں کی جارہی ہے تو اس کو چھپایا کیوں جارہا ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ حکومتی آئینی ترامیم ہیں کیا، اس کا نہ حکومت کو پتا ہے اور نہ اپوزیشن جماعتوں کو، حتی کہ اتحادی جماعتوں اور کابینہ ارکان سے بھی آئینی ترامیم کو چھپایا جارہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس قسم کی ترامیم ہیں جو کابینہ، وزرا اور اتحادیوں اور اپوزیشن سے بھی چھپائی جاتی ہیں؟ یہ ترامیم عدلیہ کی آزادی کیلئے ہیں یا اس کوکنٹرول کرنے کیلئے ؟۔
حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ پوری حکومت مولانا کی ہاں اور ناں پر کھڑی ہے،ہم انتظار کرتے رہے مگر مسودہ ابھی تک نہیں دکھایا گیا اگر حکومت مسودہ شیئرکرے تواس پرہم اپنا جواب دیں گے۔
واضح رہے کل ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئینی ترامیم کو مسودہ پیش کیا جانا تھا مگر رات گئے تک حکومت کو ترامیم کی منظوری کے لیے مطلوبہ اکثریت نہ ملنے پر اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ملتوی کرکے آج پھر اجلاس طلب کیے ہیں۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کا پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار