چینی برآمد کرنے کی منظوری

40ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی

ویب ڈیسک: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے تاجکستان کو 40ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا ۔
اجلاس میں اگلے سال جنوری تک مقامی ضروریات سے زائد ذخیرے سے مزید ایک لاکھ ٹن برآمد کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ۔
اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ملکی معیشت کی صورت حال، معاشی استحکام اور معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ روپے کی قدر مستحکم ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئے ہیں، جس میں ترسیلات زر کی مضبوطی اور تسلسل کا کردار نمایاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی دعاؤں اور وزیر اعظم شہباز شریف کی دو طرفہ شراکت داروں، مقامی ٹیموں، انتظامی اور ملکی اداروں کے اشتراک سے کی گئی کوششوں سے 25 ستمبر کو آئی ایم ایف قرض کے حوالے سے اچھی نوید ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے بعد ہم میکرواکنامک استحکام کا راستہ ترک نہیں کریں گے، میکرواکنامک استحکام، نیا دی ہائی جین ہے جو معیشت کی عمارت کی مضبوطی میں بنیادی اینٹ کا کام سرانجام دیتا ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اب 300 ملین ڈالر ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہو گئی ہیں جو ہمارے برآمدی شعبے کے لیے اچھی خبر ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مسلسل اور مستحکم اضافہ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکانٹ خسارہ کی صورت حال قابو میں ہے، اگست کے مہینے میں کرنٹ اکانٹ کا 75 ملین ڈالر سرپلس رہنا ہمارے بیرونی شعبے میں بڑھتے ہوئے استحکام کا آئینہ دار ہے، امید ہے تیل کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قدر میں استحکام اور شرح سود میں کمی کی بدولت کرنٹ اکانٹ کی صورت حال آگے بھی اچھی رہے گی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کے شاہ زیب رند کراٹے چیمپئن بن گئے