برفباری

سال نو کی پہلی برفباری، پہاڑ سفیدی میں چھپ گئے

نئے سال کے آغاز پر ملک میں برفباری کے ایک اور سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسکردو ، گلگت ، ہنزہ ، چلاس اور زیارت میں برفباری سے پہاڑ وں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

دیامر سمیت گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم شدید سرد ہو گیا۔ اسکردو میں روئی کے گالے گرے تو شہری لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے نکل آئے ۔ چلاس میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ بلوچستان کے شہر زیارت میں بھی برفباری نے نظارے حسین کر دئیے۔ کان مہترزئی، توبہ اچکزئی میں بھی برف گرنے لگی۔ کوئٹہ کے قریب پہاڑوں پر بھی برف باری ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  عدالتی معاملات میں مداخلت قابل قبول نہیں ،چیف جسٹس

شگر میں سال نو کی پہلی اور موسم سرما کی دوسری برف باری کا سلسلہ گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ شگر کے زیریں علاقوں میں 1انچ اور بالائی علاقوں میں 6انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہنزہ میں طویل خشک سالی کے بعد برفباری ہوئی تو سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا وادی ہنزہ اور گرد و نواح میں سال نو کی پہلی برف باری سے ہر سو پھیلی برف کی چاندی نے وادی کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیے۔ برف باری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ شاہراہ قراقرم پر ٹریفک معطل ہے۔

مزید پڑھیں:  حق نہ دیا گیا تو اسلام آباد پرقبضہ کرلیں گے،علی امین گنڈاپور

ملکہ کوہسار مری ميں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوتے ہی موسم سرد ہوگیا۔ برفیلی ہواؤں کا مزہ لینے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی، بچے بڑے سب ہی موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے، ملکہ کوہسار میں ہزاروں سیاحوں نے ڈیرے جما لیے ہیں ۔ بڑی تعداد میں سیاحوں کے مری پہنچنے سے ٹریفک جام ہوگیا۔ ایبٹ آباد اور نتھیاگلی میں بھی برف باری نے اپنا رنگ جما دیا ہے۔

سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، مالم جبہ میں بھی برف باری اور یخ بستہ ہوائوں کا مزہ لینے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔