محمد وزیر کی نااہلی

شاہ محمد وزیر کی نااہلی کا فیصلہ غیرمنصفانہ ہے،بیرسٹر سیف

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صحافیوں کے مسائل کا حل پہلی ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ محمود خان خود اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ میں خود کو صحافیوں کا ہی نمائندہ سمجھتا ہوں۔ زیادہ شہریوں کو روزگار فراہم کرنے والے ذرائع ابلاغ کے اداروں کو زیادہ اشتہارات دینے کی پالیسی پر غور کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔


خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین کی قیادت میں آنے والے وفد میں کے یو جے کے جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی اور سینئر صحافی آصف نثار شامل تھے۔ وفد نے معاون خصوصی کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صحافیوں کے وفد نے بیرسٹر سیف کو جرنلسٹس یونین کے حالیہ انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وہ خود کو صحافیوں کا ہی نمائندہ سمجھتے ہیں اور صحافی برادری کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں اور انہیں جلد سے جلد حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

مزید پڑھیں:  ہسپتالوں نے ادویات خریداری کےلئے مستقل بجٹ مانگ لیا

معاون خصوصی نے کہا کہ محکمہ اطلاعات ان اداروں کو زیادہ اشتہارات دینے کی پالیسی پر غور کر رہا ہے جو کہ زیادہ شہریوں اور صحافیوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کی مثبت اور تعمیری تنقید کا ہمیشہ خیرمقدم کیا کیونکہ اس سے حکومتی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود میں شروع کیے گئے منصوبوں کے حوالے سے بھی شہریوں میں آگاہی پیدا کرے گا۔

مزید پڑھیں:  دیربالا میں سوزوکی گاڑی حادثے کا شکار ،تین افراد جاں بحق

دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف کا شاہ محمد وزیر کی نااہلی کے حوالے سے کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے شاہ محمد وزیر کی نااہلی کا فیصلہ حقیقت پسندانہ ہے اور نہ ہی انصاف پر مبنی ہے۔ شاہ محمد وزیر اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ اپنے دفتر سے جاری بیان میں معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ لگتا ہے صوبائی الیکشن کمشن نے شاہ محمد وزیر کی نااہلی کا فیصلہ عجلت میں کیا اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔ شاہ محمد وزیر اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ عدالت سے انصاف ملے گا اور وہ جلد بحال ہو کر دوبارہ عوام کی خدمت کریں گے۔