بیرسٹرسیف

پختونخوا دہشتگردی سے نکل کر سیاحت کی طرف آچکا، بیرسٹرسیف

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں سیاحت کا فروغ معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم ہے۔

خیبرپختونخوا تحریک انصاف کے دور حکومت میں ٹیررازم سے نکل کر ٹورازم کی طرف آ چکا ہے اور یہاں سیاحت کے لیے عالمی حیثیت کے حامل مقامات موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کی قیادت میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کے بعد ان علاقوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گلیات میں جاری سنو فیسٹیول کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سنو فیسٹیول میلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر بیرسٹر محمد علی سیف نے نتھیاگلی میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کے شروع کی گئی مفت الیکٹرک کارٹ سروس پر سیاحوں کے ہمراہ سفر کیا اور اسے خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ الیکٹرک کارٹ سروس ماحول دوست ہونے کے ساتھ سیاحوں کی سہولت کے لیے مفید اقدام ہے۔ سیاح اس پر بیٹھ کر سفر کے دوران قدرتی مناظر سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب سے کراچی آنے والے مسافر میں منکی پاکس کی علامات

معاون خصوصی نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سنو فیسٹیول کے انعقاد کو صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلیات میں پنجاب اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے سیاح آتے ہیں جو کہ علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں امن قائم ہو چکا ہے اور صوبہ ٹیررازم سے نکل کر ٹورازم کی جانب گامزن ہے آئندہ کچھ سالوں میں یہاں سیاحت میں مزید کئی گنا اضافہ ہو گا۔ عوام کو ان تمام سیاحتی علاقوں تک رسائی دیں گے جو کہ تاحال سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ گلیات میں سنو فیسٹیول کے دوران عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق