پشاور میں غیر قانونی گاڑیاں

کریک ڈائون کا آغاز’پہلے دن 428 غیر قانونی کمرشل گاڑیاں ضبط

صوبائی دارالحکومت پشاور میں غیر قانونی رکشوں، چنگچی، لوڈ ر اور بغیر پرمٹ و رجسٹریشن کمرشل گاڑیوں کے خلاف میگاکریک ڈان کا آغاز کردیا گیا۔پہلے دن پشاور بھر سے 428 غیر قانونی کمرشل گاڑیاں سرکاری تحویل میں لے لی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں 30096 رجسٹر رکشے ہیں جبکہ تقریباََ 50000 غیر قانونی رکشے پشاور کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی میں خلل، بدنظمی اور رش کا سبب بن رہے ہیں۔

اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایت پر پشاور بھر میں غیر قانونی کمرشل گاڑیوں کے خلاف میگا آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ آپریشن سے پہلے رکشہ ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا گیا جنہوں نے غیر قانونی رکشوں کے خلاف مہم کی مکمل حمایت کی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر غیر قانونی کمرشل گاڑیوں کے خلاف مہم کی نگرانی کی اور سرکاری تحویل میں لی گئی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ غیر قانونی کمرشل گاڑیوں کے خلاف مہم جمعہ المبارک کے دن جاری رہی۔ اسسٹنٹ کمشنر عبید ڈوگر، سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی طارق حسن اور ایس پی ٹریفک محمد سعید خان نے انتظامی افسران کے ہمراہ جی ٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر کریک ڈان کی نگرانی کی۔ پہلے دن کی کارروائیوں کے دوران بغیر رجسٹریشن اور پرمٹ428 کے رکشوں، چنگچی، لوڈر، ویگن، ٹیکسی اور دیگر کمرشل گاڑیوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں کمشنر پشاور ریاض خان محسود کی ہدایت پر غیر قانونی کمرشل گاڑیوں کے خاتمے تک کریک ڈان جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت نے''اختیار عوام کا '' کے نام سے خصوصی پورٹل کا اجرا کر دیا