ہماری رپورٹ پر پاکستان کے ایکشن پلان کو مکمل قراردیا گیا،عمران خان

اسلام آباد: (مشرق نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے فیصلے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو فروری 2018ء میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی طرف سے گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا اور اس دوران سب سے چیلنجنگ مرحلہ ایکشن پلان مکمل کرنا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ہمیں ادارے کی طرف سے بلیک لسٹ کیے جانے کے شدید امکانات کا سامنا کرنا پڑا۔ عالمی ادارے کے ساتھ ہماری ماضی کی تاریخ بھی سازگار نہیں تھی۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید لکھا کہ اس دوران ایف اے ٹی ایف نے بارہا ہمارے کام کی تعریف کی اور میری حکومت نے سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے نہ صرف ملک کو بلیک لسٹ ہونے سے بچایا بلکہ 34 میں سے 32 ایکشن پلان کو بھی مکمل کیا۔ ہماری حکومت نے اپریل میں باقی 2 آئٹمز پر تعمیل رپورٹ پیش کی جس کی بنیاد پر ایف اے ٹی ایف نے اب پاکستان کے ایکشن پلان کو مکمل قرار دیا۔
عمران خان نے مزید لکھا کہ مجھے یقین ہے ہمارے ایکشن پلان پر مکمل کام کی تصدیق کے لیے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ٹیم دورہ بھی کامیابی سے گزر جائے گا۔ حماد اظہر، کمیٹی اور دیگر کام کرنے والے افسران نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پورے ملک کو آپ پر فخر ہے۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ :پٹرول پمپ میں آگ گئی،آئل ٹینکرز سمیت کئی گاڑیوں کو نقصان