شمالی وزیرستان، محکمہ صحت کے سینکڑوں اہلکاروں کا پولیو مہم سے بائیکاٹ

ویب ڈیسک: شمالی وزیرستان میں محکمہ صحت کے 2600 اہلکاروں نے انسداد پولیو مہم اور ویکسینشن عمل میں حصۃ لینے سے صاف انکار کر دیا۔
آل پیرامیڈیکس ایسوسی ایشن نے میرانشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ریکارڈ کرایا۔ مظاہرین نے بنوں میرانشاہ روڈ کو کئی گھنٹوں کیلئے بند رکھا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت پولیو ورکر کو تحفظ دینے میں ناکام رہی، کئی دنوں سے ہمارے پولیو ورکروں پر حملے ہو رہے ہیں ایک ورکر شہید اور ایک زخمی ہوا ہے تاحال پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانا ہماری ذمہ داری ہے اگر حکومت پولیو ورکر کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی ہم بھی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔ احتجاج کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید اور زخمی ورکر کیلئے پیکج کا اعلان کرے۔ انسدادِ پولیو مہم میں 900 پیرامیڈیکس اور 1700 کلاس فور ملازمین کی جان کو خطرہ ہے جب تک حکومت امن وامان کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھاتی ہمارا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  سوات، بارات میں دو گاڑیوں کو حادثہ، 10 سے زائد افراد زخمی