دعا کی تاثیر سے جادو گر خدا کی پکڑ میں آ گیا

دعا کی تاثیر سے جادو گر خدا کی پکڑ میں آ گیا

ایک خاتون ادائیگی حج کے لیے گئی ۔ وہاں اس نے ایک عالم سے پوچھا کہ میرا بیٹاکافی عرصے سے بیمار ہے ۔ بہت علاج کروایا لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ آپ کو تو پتہ ہے کہ جادو کا علاج کرنے اور تعویذ گنڈہ کرنے والے اکثر لوگ فراڈیے اور بہروپیے ہیں ۔ کچھ سمجھ نہیں آتی کہ کس پر اعتبار کیا جائے اور کس سے اُس کا علاج کروایا جائے‘جو ہمیں حقائق بتائے اور کسی قسم کی ڈرامے بازی نہ کرے۔ خاتون کی بات توجہ سے سننے کے بعد وہ عالم کہنے لگے : آپ کو اس کے علاج کے لیے کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ۔ آپ اس کے لیے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے دعا کریں ‘ اللہ تعالیٰ اُسے شفا عطا فرمائے گا۔

خاتون اب دن رات اپنے بیٹے کی صحت یابی کے لیے دعا گو رہتی۔ اُس کی زبان پر ہر دعا میں یہی الفاظ ہوتے : اے اللہ! میرے بیٹے سے یہ تکلیف اور اذیت دورکر دے۔ اے اللہ! میرے بیٹے کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرما دے۔

مزید پڑھیں:  پوتے کو دادا کی میراث سے حصہ کیوں نہیں ملتا؟

ایک مرتبہ رات کے وقت اس خاتون کے فون کی گھنٹی بجی ۔ دوسری طرف فون پر کوئی اجنبی شخص تھا ۔ اُس نے بتایا کہ فلاں جگہ تمہارے بیٹے پر جادو کیا گیا ۔ خاتون نے اس جگہ کی اچھی طرح تلاشی لی ۔ اُسے ایک کاغذ ملا جس پر الٹی سیدھی تحریر لکھی ہوئی تھی جو سمجھ سے بالاتر تھی ۔ خاتون نے وہ کاغذ جلا دیا‘ لیکن اس کے بیٹے کو کوئی افاقہ نہ ہوا۔ خاتون نے دعا جاری رکھی‘ بلکہ پہلے سے زیادہ دعائیں کرنی شروع کر دیں۔

اُسی شخص نے ایک مرتبہ پھر فون کیا اور کہا: میں وہ جادوگر ہوں جس نے آپ کے بیٹے پر جادو کیا تھا۔ جادو شدہ چیزیں آپ کے گھر میںفلاں جگہ پر دفن کی گئی ہیں۔ آپ انہیں نکال کر تلف کر دیں‘ آپ کا بیٹا ٹھیک ہو جائے گا۔ آپ براہ مہربانی جلد از جلد یہ کام کریں تاکہ میں اذیت سے نکل سکوں ۔

آپ مجھے بتائیں کہ آپ کیا عمل کرتی ہیں ۔ کچھ عرصے سے میری نیند مجھ سے کوسوں دور ہے۔ میں خواب آور گولیاں بھی استعمال کرتا ہوں ‘ لیکن اُن کا اثر بھی نہیں ہوتا‘ میں انتہائی اذیت اور تکلیف میں ہوں۔ مجھے ایک پل چین نہیں ہے۔ خاتون جلدی سے اٹھی ‘ اس جگہ سے جادو شدہ چیزیں نکالیں اور انہیں جلا کر تلف کر دیا ۔ لڑکا اچانک اسی طرح بالکل ٹھیک ہو گیا جس طرح وہ اچانک بیمار ہو ا تھا۔ ایسے محسوس ہوا کہ اُسے رسیوں سے باندھا گیا تھا اور اب کھول دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پوتے کو دادا کی میراث سے حصہ کیوں نہیں ملتا؟

قارئین کرام! مذکورہ بالا واقعہ ایک سچا واقعہ ہے جو ہمیں دعا کی اہمیت بتاتا ہے اور ہماری رہنمائی کرتا ہے کہ جادو اور آسیب جیسی بیماریوںکے علاج کا بنیادی ذریعہ اخلاص قلب سے دعا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
ترجمہ: ’’جب میرے بندے آپ سے میرے متعلق پوچھیں تو انہیں کہہ دیجئے کہ میں ان کے قریب ہی ہوں ۔ جب کوئی دعا کرنے والا مجھے پکارتا ہے تو میں اس کی دعا قبول کرتا ہوں۔‘‘ (البقرۃ 186:2))