اسلام آباد : بے شمار فضیلتوں، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ رمضان المبارک اپنے تمام تر فیوض و برکات کے ساتھ آج ہمارے درمیان ہے ویسے تو دنیا بھر میں مسلمان اس ماہ مقدس کا شدت سے انتظار کرتے ہیں اور اس کی آمد پر خاص اہتمام کرتے ہیں۔
صدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے آغاز پرپوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔رمضان المبارک کی آمدپرصدرنے اپنے پیغام میں کہاکہ رمضان المبارک کابابرکت مہینہ مسلمانوں کومعاشرے کے محروم اورنادارطبقے کودرپیش مصائب ومشکلات سے آگاہی کادرس دیتاہے۔
ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ کوروناوائرس سے بڑے پیمانے پرہونیوالے جانی ومالی نقصانات پر تمام دنیاپریشانی میں مبتلا ہے اوراس مسئلے پرقابوپانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جارہے ہیں۔
صدرنے قوم پرزوردیاکہ وہ محبت، قربانی اورحسن سلوک کی تعلیمات پرعملدرآمدکرتے ہوئے باہمی میل جول میں مناسب سماجی فاصلہ برقرار رکھے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ دنیابھرمیں تمام انسانوں کو کوروناوائرس کے تباہ کن اثرات کاسامناہے اورتمام بڑی عالمی طاقتیں اس عالمی وباء کے سامنے بظاہر بے بس دکھائی دیتی ہیں۔انہوں نے قوم پرزوردیاکہ مکمل اتحاداورقربانی کامظاہرہ کرتے ہوئے آزمائش کی اس گھڑی میں غریب اورمستحق لوگوں کاخصوصی خیال رکھاجائے۔
وزیراعظم نے اللہ تعالیٰ سے دعاکی کہ وہ انسانیت کوکوروناوائرس کی وباء سے نجات دے اور پاکستان کوکووِڈ۔19 کی روک تھام کی کوششوں میں مددعطافرمائے۔