لانگ مارچ میں پختونخواکے قافلوں کیلئے الگ الگ روٹس مقرر

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا سے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کیلئے قافلے الگ الگ روٹس استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد جائیں گے وسطی اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن کے کارکنان جی ٹی روڈ کا استعمال کرینگے جبکہ ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان کے کارکنان کو براہ راست راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق 4نومبر کو پشاور ، مردان، چارسدہ، صوابی اور نوشہرہ سے بڑا قافلہ جی ٹی روڈ کے راستے اسلام آباد روانہ ہوگا اور ٹیکسلا پہنچے گا اسی طرح ملاکنڈ ڈویژن سے آنیوالے کارکنان کو موٹر وے پر ٹیکسلا کے قریب اترنے کی ہدایت کی گئی ہے ہزارہ ڈویژن کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ورکرز اکٹھے ہونگے اور موٹر وے پر ٹیکسلا پہنچیں گے
پی ٹی آئی کے کارکنان جنوبی اضلاع سے پنجاب میں داخل ہونگے کوہاٹ ، کرک اور ہنگو سمیت قریبی اضلاع کے ورکرز راولپنڈی کیلئے روانہ ہونگے جبکہ بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن کے کارکنان میانوالی اور چکوال سے ہوتے ہوئے راولپنڈی پہنچیں گے تمام کارکنان کو اسلام آباد میں داخل نہ ہونے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر پہنچ کر قائد کی اگلی کال کا انتظار کریں۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا حقیقی آزادی لانگ مارچ میں 4نومبر کو شامل ہوگی جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائیگا۔

مزید پڑھیں:  مہنگائی میں کمی کے باوجود 17اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں