پشتخرہ کے حجرہ میں جرگہ

سفیدڈھیری،جرگہ میں گالم گلوچ پر3افراد جان سے گئے

ویب ڈیسک :پشتخرہ کے حجرہ میں جرگہ کے دوران گالی گلوچ اور جھگڑے کے بعد ملزمان نے فائرنگ کرکے تین افراد کی جانیں لیں،3افراد کے قتل کی واردات کے بعد ملزمان کے گھروں کو سیل کردیا گیاجوگھربارچھوڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل ہوچکے ہیں جبکہ ورثاء نے 4افراد پر دوبھائیوں کے قتل کی دعویداری کردی ہے ۔ فریقین آپس میں چچازاد ہیں جبکہ واقعہ کے بعد ان خاندانوں کے درمیان کشیدگی بھی بڑھ گئی ہے ۔
پشتخرہ پولیس کے مطابق مقتول حاجی منظور کے بیٹے سرتاج سکنہ اکیڈمی ٹائون گلاب آباد نے رپورٹ درج کرائی کہ ملزم اسلام اللہ کے حجرہ میں فریقین کے درمیان جرگہ ہورہا تھا، اس دوران گالم گلوچ ہوئی اور جونہی تمام افراد حجرہ سے روانہ ہوکر گیٹ سے نکلے تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جس سے حاجی منظور علی، حاجی واحد علی اور اسماعیل لگ کر جاں بحق جبکہ ریاض اور رضاء اللہ زخمی ہوگئے۔
فائرنگ سے مدعی بال بال بچ گیا تھا جس نے تین بھائیوں اسلا م اللہ، انوراللہ، انعام اللہ پسران یوسف علی اور ہدایت اللہ ولد انعام اللہ پر دوبھائیوں کے قتل کی دعویداری کی۔ دوسری جانب مقتول اسماعیل کے والد فضل شیر نے پشخرہ پولیس کو بیان دیا کہ فریقین اس کے رشتہ دار ہیں اوراس کا بیٹا فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہواہے لہذا وہ کسی پر دعویداری نہیں کرنا چاہتا۔ تھانہ پشتخرہ کے ایس ایچ او حسن خان نے بتایاکہ مقتول واحد ملزمان کا بہنوئی تھا جبکہ ملزم انعام کی بیٹی کا رشتہ ایک مقتول کے بیٹے کے ساتھ طے ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چلاآرہا تھا، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جو گھر بار چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ووٹ کے سامنے فارم 45کی کوئی اہمیت نہیں، چیف جسٹس