لنڈیکوتل،بجلی بندش کیخلاف پاک افغان شاہراہ پر مظاہرہ

ویب ڈیسک :لنڈیکوتل کے مختلف قبیلوں میرداد خیل،اشخیل اور دیگر علاقوں کے عوام نے بجلی بندش اور لائن کٹنگ کے خلاف پاک افغان شاہراہ بائی پاس پر احتجاج کیا اور روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ اشخیل اورمیردادخیل میں 22گھنٹے لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا محال ہوگیا،بجلی بندش سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بنارس شینواری،اختر علی شینواری،الیاس شینواری اور دیگر نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں میں صرف دو گھنٹوں کیلئے بجلی آتی ہے جبکہ دو دنوں کیلئے مین لائن کٹنگ کی وجہ سے پورے علاقہ تاریکی میں ڈوب جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو گھنٹوں میں وولٹیج کی کمی اور بار بار ٹرپ ہوجانے سے ضروریات پوری نہیں ہوتی جبکہ مختلف علاقوں میں ٹیوب ویل بند ہونے سے پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بار بار گرڈ عملے کو بتایا کہ ان علاقوں کیساتھ سو تیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے اور مین لائن کٹنگ نہ کریں لیکن گرڈ عملہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا ۔
اس لئے مجبوراً سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا تو پاک افغان شاہراہ کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردینگے۔ آخر میں پولیس سب انسپکٹر  عشرت شینواری نے مظاہرین اور گرڈ عملے درمیان مداکرات کراکے احتجاج ختم کیا جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

مزید پڑھیں:  پرانے سعودی طیاروں کی بذریعہ ٹرک منتقلی توجہ کا مرکز بن گئی