وانڈہ پشان دہشت گردوں کیخلاف آپریشن

لکی مروت،عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پرہیلی کاپٹروں سے بمباری

ویب ڈیسک :پاک فوج کا ضلع لکی مروت کے علاقے وانڈہ پشان میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا ،گن شپ ہیلی کاپٹروں نے عسکریت پسندوںکے مشتبہ ٹھکانوں پرشیلنگ کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کوبرا ہیلی کاپٹروں نے آپریشن میں حصہ لیا اور دیہی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔تاجہ زئی کے ایک رہائشی نے بتایا کہ انہوں نے دوپہر کے وقت علاقے میں تین ہیلی کاپٹروں کو دیکھا اور عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی آوازیں سنیں۔یاد رہے کہ جمعہ کووانڈہ پشان میں دہشت گردوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے دو جوان شہید اور ایک لیفٹیننٹ سمیت دو زخمی ہو گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا اور حملہ آوروں کی تلاش جاری رکھی، فوری طور پر یہ معلوم نہ ہوسکا کہ فضائی حملے میںدہشت گردوں کوکتنا نقصان پہنچا ہے، نہ ہی ان کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے کرم پار علاقے میں دہشت گردحملے میں چھ پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد جنوبی ضلع میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، تین روز قبل دہشت گردوں نے منظر فقیر علاقے میں پولیس چوکی پر حملہ کیا تھا
دہشت گردی کا ایک اور واقعہ جمعہ کی رات پیش آیاجب دہشت گردوں نے لکی درہ تنگ روڈ کیساتھ واقع صدر پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔ادھرریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انورنے لکی مروت کے دورے کے موقع پر وانڈہ پشان کے قریب درگہ جنگلات میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا ، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پولیس، سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضرور کامیاب ہوں گے ، ملک و امن دشمن عناصر کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے ۔

مزید پڑھیں:  عدالتی معاملات میں مداخلت قابل قبول نہیں ،چیف جسٹس