خیبر روڈپراحتجاج

خیبر روڈپراحتجاج کرنیوالے گرفتارنہ ہوسکے،آج بی بی اے کروائیں گے

ویب ڈیسک: پشاور میں خبر روڈ پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی رہنمائوں کو پشاور پولیس تین روز میں گرفتار نہ کر سکی۔ تمام نامزد ملزمان کے نام ، پتہ اور رہائش کے ساتھ ساتھ روزمرہ کی معلومات کی مکمل خبر ہونے کے باوجود پشاور پولیس نے انہیں گرفتاری کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ ملزموں کو ضمانت قبل از گرفتاری کا موقع دیا گیا۔
مقدمہ میں نامزد ملزم آج پیر کو اپنی ضمانت پشاور کی عدالت سے کروائیں گے ۔ پشاور شرقی پولیس سٹیشن میں درج مقدمہ میں رکن اسمبلی فضل الٰہی ، پی ٹی آئی پشاور رورل کے صدر اور سابق ضلع ناظم عاصم خان ، پی ٹی آئی پشاور سٹی کے صدر عرفان سلیم ، پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مینا خان آفریدی، پی ٹی آئی یوتھ کے جنرل سیکرٹری انعام اور ذیشان کو نامزد کیا ہے۔ مقدمہ میں نامزدگی کے باوجود اب تک پشاور پولیس کسی بھی ملزم کی گرفتاری کی کوشش بھی نہیں کی ہے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے اگلے ہی روز نامزد ملزم ذیشان روزگار کیلئے جاپان چلا گیا۔ سینئر قانون دان شبیر حسین گگیانی کہتے ہیں کہ مقدمہ میں نامزدگی کے ساتھ ہی پولیس کے پاس گرفتاری کا اختیار ہوتا ہے تاہم اس معاملہ میں پولیس کی غفلت یا کوتاہی نظر آرہی ہے۔ ایف آئی آر میں جو دفعات شامل ہیں وہ معمولی نوعیت کی ہیں اور ا س میں آسانی سے ضمانت بھی مل جائے گی تاہم پولیس نے اس کیس میں اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ہے ۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قانون دان شاہ فیصل الیاس کہتے ہیں کہ آج پیر کے روز تمام نامزد ملزمان کی ضمانت کروا لی جائے گی۔ تمام ملزموں کی ضمانت کیلئے درکار ضروریات پوری کرلی گئی ہیں اور آج ہی ان کو ضمانت مل جائے گی۔

مزید پڑھیں:  بلاول نے پی آئی اے، اسٹیل ملز نجکاری کی مخالفت کردی