کلرکہار کے قریب بس حادثے

کلرکہار کے قریب بس حادثے کاشکار، خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق

کلرکہار کے نزدیک موٹروے سالٹ رینج پر باراتیوں کی بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے اسلام آباد سے لاہور جاتی ہوئی باراتیوں کی بس موٹروے پر کلرکہار کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی جبکہ حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، بس درمیانی دیوار توڑ کر دوسری طرف کئی گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد الٹی، بس کے اندر پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا، ہسپتال میں موٹروے پولیس، پنجاب پولیس، ریسکیو 1122 اور ہیلتھ کا عملہ موجود ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی:خواتین ارکان کیلئے نازیبا جملے کسنے کیخلاف قرارداد منظور