فقیرآباد تاجر لٹ گیا

تھانہ فقیرآباد سے چند قدم کے فاصلہ پر تاجر لٹ گیا

ویب ڈیسک : تھانہ فقیر آباد سے چند قدم کے فاصلہ پر6مسلح افراد نے دن دیہاڑے ہنڈی کے تاجر کو گاڑی میں بٹھا کر اس سے 2کروڑ 22لاکھ روپے چھین لئے اور بعد میں اسے گاڑی سے اتار کر فرار ہوگئے۔ ہنڈی حوالہ کے تاجر اسفندیار خان ولد خیر اللہ خان سکنہ خواجہ ٹائون نے فقیر آباد پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس نے اپنی مخصوص بیلٹ میں 1کروڑ 70لاکھ روپے اور اس کے ملازم شاہد ولد مہران سکنہ شب قدر نے اپنی بیلٹ میں 90لاکھ روپے ڈالے اور کمر سے باندھ لئے اور شبقدر جانے کے لئے اڈہ گئے۔
جب وہ تھانہ سے چند قدم کے فاصلے پر واقع اڈہ کے سامنے پہنچے تو کار میں سوار مسلح افراد نے ان کا راستہ روک لیا اور ہم دونوں کو زبردستی گاڑی میں بٹھا دیا اور چارسدہ روڈ کی طرف روانہ ہو گئے۔ راستے میں مسلح افراد نے ہم دونوں سے رقم چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔ مدعی کے مطابق واردات اس کے ملازم شاہد کے ایما پر ہوئی ہے۔ پولیس نے شاہد سمیت 7افراد کے خلاف رہزنی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی جارحیت کے باعث رفح میں مزید 60 فلسطینی شہید